کاسرگوڈ 9؍فروری(ایس او نیوز)آڈور پولیس اسٹیشن کے حدود میں پائے جانے والے جنگلاتی علاقے میں ایم کے چیدانندا (36سال) نامی شخص کی لاش دستیاب ہوئی جو قتل کے بعد یہاں لاکر پھینک دی گئی تھی۔پولیس نے تحقیقات کے بعد اس قتل میں ملوث فارم کے مالک گنپا نائک(35سال) اور اس کے دیگر دو ساتھیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
کہتے ہیں کہ چیدانندا روزانہ مزدوری کے لئے گنپا نائک کے فارم سے گزرتے ہوئے دوسرے علاقے میں جاتاتھا۔ جب وہ رات تک بھی کام سے واپس نہیں لوٹا تو اس کے گھر والے تلاش میں نکل پڑے۔ اس دوران دور ایک جنگلاتی علاقے میں چیدانندا کی لاش پائی گئی جس کا سر اور چہرہ پتھروں سے کچلا ہوا تھا۔لاش کے پاس خون آلود چپل اور دو پتھر بھی پائے گئے۔آڈور پولیس اسٹیشن کے افسران نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیااور ابتدائی تحقیقات کے بعد ملزمین کوگرفتار کرلیا۔ تفتیش سے پتہ چلا کہ گنپا نائک نے چیدانندا پر الزام لگایاتھا کہ اس نے فارم سے سپاری چوری کی ہے اور فارم میں بیٹھ کر شراب نوشی کی ہے۔ شام کو جب چیدانندا واپس لوٹ رہاتھا تو گنپانائک نے اسے روک کر پوچھ تاچھ کی اور دونوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا ۔ جب چیدانندا زمین پر گر پڑا تو اس کے چہرے اور سر کو پتھروں سے کچل دیاگیا۔اور پھر اس کی لاش دور جنگل میں پھینک دی گئی۔اس جرم میں دیگر دو افراد نے بھی گنپا نائک کا ساتھ نبھایا۔
پولیس نے کیس درج کرلینے کے بعدملزمین کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے لاش کو پریارم میڈیکل کالج میں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔